لاہور (نیوز رپورٹر) پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر کی قیادت میں گلشن راوی سے "الیکشن کرائو ملک بچائو مہم کا آغاز ریلی نکال کر کیا گیا۔ ریلی گلشن راوی سے شروع ہو کر سمن آباد پکی ٹھٹھی، چوک یتیم خانہ سے ہوتے ہوئے لیاقت چوک سبزہ زار اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ حماد اظہر، شیخ امتیاز محمود اور اویس یونس سمیت دیگر نے خطاب میں کہا کہ ملک کو درپیش تمام بحرانوں کا واحد حل فوری نئے انتخابات ہے۔ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کا لاہور سے تحریک انصاف نے آج سے آغاز کر دیا ہے۔ ہر روز لاہور کے ایک حلقے میں ریلی نکالی جائے گی۔ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک 30 کروڑ پاکستانیوں کے دل کی آواز ہے۔ عمران خان گولیاں کھا کر بھی چوروں ڈاکوؤں اور لٹیروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔ عمران خان موجودہ چور ٹولے کا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔ تحریک انصاف کی جدوجہد کا محور و مرکز ملک میں انصاف کی حکمرانی قائم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ زرداری نواز شریف اور فضل الرحمان مافیا ملک و قوم کی بجائے اپنے ذاتی مفاد کے لئے اکٹھا ہے۔ حکمران اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو چکے ہیں ۔ ریلی میں اعظم خان نیازی، عبدالکریم خان، عفیف صدیقی سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔
پی ٹی آئی کی الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کا آغاز، ریلی نکالی
Dec 08, 2022