لاہور (نیوز رپورٹر+ لیڈی رپورٹر) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے لاہور میں پاکستان پلاسٹک ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین سید عظمت علی شاہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ترکی سے آئے ہوئے پاکستان آذربائیجان ترکی بزنس کونسل کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت اتفاق رائے سے منظور کرنا چاہئے۔ چیئرمین پاکستان پلاسٹک ٹریڈرز ایسوسی ایشن سید عظمت علی شاہ نے کہا کہ نان لگژری، خام مال اور مشینری پارٹس بزنس سیکٹر اور ملکی معاشی امور میں انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے۔ دوسری جانب لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے اٹھارویں کانووکیشن کے موقع پر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستانی طالبات کی کارکردگی قابل فخر ہے، خواتین کی شرکت کے بغیر پاکستان ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا، خوشی ہے کہ پاکستانی خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں، ن لیگی دور میں ویمن یونیورسٹیوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کانووکیشن کے دو سیشنز میں 2022ء کی2897 طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ کانووکیشن میں پی ایچ ڈی کی 17، ایم ایس، ایم فل کی 821 ، ایم اے اسلامک سٹڈیز کی 14، بی ایس، بی بی اے، بی کام، بی ای، بی آرکیٹیکچر، بی ایس سی ایس، بی ایف اے، ڈاکٹر آف فارمیسی کی 2045 ڈگریاں طالبات میں تقسیم کی گئیں۔ جبکہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی سے وابستہ کالجز میں گورنمنٹ گریجوایٹ سمن آباد کالج برائے خواتین کی 648، گورنمنٹ گریجوایٹ کوپر روڈ کالج برائے خواتین 587 اور گورنمنٹ گریجوایٹ گلبرگ کالج برائے خواتین کی 424 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔کانووکیشن میں کل 912 طالبات کو میڈلز اور مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔ 1طالبہ کو وائس چانسلر گولڈ میڈل، 67 طالبات کو اکیڈمک گولڈ میڈلز، 69 طالبات کو سلور میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی اہلیہ پروفیسر خالدہ ثمر مبارک مند اور بشریٰ اعتزاز سمیت متعدد خواتین کو ایلومینائی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ایل سی ڈبلیو یو 2022ء میں یو ایس ایڈ کے ہیسا پروجیکٹ کی 15 منتخب پارٹنر یونیورسٹیوں کا ممبر بن گیا ہے۔ فیکلٹی ممبران نے اس منصوبے کے تحت اسلام آباد اور امریکہ میں تربیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل سی ڈبلیو یو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ یونیورسٹیز کے سی پیک کنسورشیم کا ممبر ہے۔ ایل سی ڈبلیو یو کو 2023ء میں پہلی بار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں شامل کیا گیا۔ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی نے فلڈ ریلیف ڈرائیو کے ذریعے چالیس لاکھ کی خطیر رقم سیلاب متاثرین کی مدد کے لیئے اخوت فائونڈیشن کو دی۔
سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت اتفاق رائے سے منظور کرنا چاہئے: گورنر پنجاب
Dec 08, 2022