کلر سیداں (نامہ نگار) کلر سیداں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف عمران بٹ نے کہا ہے کہ تحصیل کلر سیداں میں 325سے زائد نئے مستحق خاندانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے نام بے نظیر کفالت پروگرام میں مالی امداد اور تعلیمی وظائف کیلئے شامل کر لیئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں جن مستحق خواتین کو 8171سروس کے ذریعے 7000روپے کی رقم وصول کرنے کا پیغام ملنے کے باوجود اگر انہوں نے ابھی تک امداد وصول نہیں کی وہ ''ایچ بی ایل کنیکٹ''کے منظور شدہ ایجنٹس سے رابطہ کریں اور اگر انہیں رقوم کے حصول میں کسی قسم کی پریشانی آ رہی ہو تو وہ کلر سیداں میں بے نظیر انکم سپورٹ کے دفتر سے رجوع کریں تاکہ ان کی رقم کی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن خواتین نے اپنی امدادی رقوم وصول کر لی ہیں وہ سکول جانے والے بچوں کے تعلیمی وظائف کیلئے اندراج کروائیں۔انہوں نے بتایا کہ بیشتر نئے مستحق خاندانوں کی خواتین کے موبائل فون نمبرز جو ہمارے ریکارڈ میں موجود ہیں کیساتھ رابطہ میں مشکلات درپیش آ رہی ہیں ایسی خواتین کو چاہیئے کہ وہ امداد کی رقم کی فوری وصولی کیلئے ہمارے دفتر میں اپنے زیر استعمال موبائل فون نمبرکا اندراج یقینی بنائیں۔