اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، آئی ٹی کی برآمدات کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، آئی ٹی کی موجودہ برآمدات ہماری حقیقی صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتیں، آئی ٹی ماہرین اور نوجوانوں کو اہداف کے حصول کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا، اپٹیکا کو برآمدات کے فروغ کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیا پیسفک آئی سی ٹی الائنس ایوارڈ سے خطاب میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، حکومت آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں میں معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ ہمارے لئے ایک چیلنج اور موقع بھی ہے، ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا، پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ کی بہت صلاحیت ہے لیکن ہماری برآمدات صرف 2.5 ارب ڈالر سالانہ ہیں جو ہماری حقیقی صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتیں، پچھلے 8 ماہ کے دوران انہوں نے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور نوجوانوں کو متحرک کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں، آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہم اپنی یہ برآمدات سالانہ 5 ارب ڈالر تک فوری لے جا سکتے ہیں، آئی ٹی ماہرین اور نوجوانوں کو آگے آ کر اس سلسلہ میں منصوبہ بنانا چاہئے کہ ہم کس طرح اپنے ہدف باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنما¶ں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف سے قطر کے سفیر نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے فیفا ورلڈ کپ 2022ءکے کامیاب انعقاد پر قطری قیادت کو مبارکباد دی۔ فیفا ورلڈ کپ کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی پاکستان کیلئے ایک اعزاز ہے۔ قطر 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے۔
شہباز شریف
آئی ٹی برآمدات 5ارب ڈالر تک فوری لے جا سکتے ہیں:وزیر اعظم
Dec 08, 2022