ترک کمپنیاں پاکستان میں کام اورسرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں،سفیر

Dec 08, 2022


راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان مسلم لیگ(ض)کے سربراہ سابق وفاقی وزیرمحمداعجازالحق نے اسلام آباد میں جمہوریہ ترکی کے سفیر مہمت پیکاسی سے ملاقات کی،ملاقات میںدوطرفہ باہمی برادرانہ اورتجارتی تعلقات پربات چیت ہوئی۔اس موقع پر ترک سفیر مہمت پیکاسی نے کہاہے کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ، دونوں ممالک کے عوام کا آپس میں محبت اوراحترام کارشتہ ہے پاکستان کے ساتھ ہماراباہمی تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالرہے ،ہماری کوشش ہے کہ تجارتی حجم بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک لے جائیں کئی ترک کمپنیاں پاکستان میں کام اورسرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں، ہم اچھے منصوبوں کودیکھیں گے اورانشا اللہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ مسلم لیگ(ض)کے سربراہ محمداعجازالحق نے کہاکہ پاکستان اورترکی کے درمیان ہمیشہ سے ایک مضبوط رشتہ قائم ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہاہے ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں جن سے ترک سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں