اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وزارت سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی کے اجلا س میں بلوچستان میں جدید تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کامسیٹس کوئٹہ کیمپس کھولنے کی منظوری دی گی گئی۔تفصیلا ت کے مطا بق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری غلام محمد میمن، ریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم، چیرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر سید حسین عابدی، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان اختر باجوہ اور جوائنٹ سیکرٹری میر فاروق لانگو اور کنسلٹنٹ ایڈوائزر میاں حسن نے شرکت کی۔اعلی سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کی ہدایات پر، بلوچستان میں جدید تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کامسیٹس کوئٹہ کیمپس کھولنے کی منظوری دی گی گئی۔ وفاقی وزیر نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پر اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ کوئٹہ کیمپس کامسیٹس کے قیام کے لئے انفراسٹرکچر، میاں غنڈی ہزار گنجی میں، پی سی ایس آئی آر کیساتھ موجود ہے تاہم وفاقی وزیر نے اسکی رینوویشن کے لئے فنڈز کے اجرا کے احکامات بھی جاری کئے۔وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ ملک کے دیگر تمام صوبوں میں کامسیٹس سب کیمپس موجود ہیں جبکہ کوئٹہ میں اسکا کیمپس نہ ہونا تعلیمی تفریق کی عکاسی کرتا تھا جبکہ موجودہ مرکزی حکومت اور بی این پی تعلیم میں یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔وفاقی وزیر و مرکزی سیکرٹری اطلاعات بی این پی نے کہا کہ ہماری جماعت سردار اختر مینگل کی سربراہی میں جدید اعلی تعلیمی سہولیات تک ہر طبقے کی رسائی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کامسیٹس کیمپس کے قیام سے دور رس اثرات مرتب ہونگے اور یہ منصوبہ سنگ میل ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تزیئن و آرائش کے کام کی تکمیل کے فوری بعد کامسیٹس کیمپس کوئٹہ کا افتتاح کیا جائے گا۔