جنوبی پنجاب میں 100میگاواٹ کا زینفا سولر منصوبہ تیارکرلیاگیاہے،خرم دستگیر

Dec 08, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے توانائی (پاورڈویژن)خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سستی اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے حکومتی کاوشوں سے جنوبی پنجاب میں 100میگاواٹ کا زینفا سولر منصوبہ تیارکرلیاگیاہے۔ منصوبے سے پیدا ہونے والی فی یونٹ بجلی کی قیمت 9روپے ہوگی اور 100میگاواٹ سولر بجلی درآمدی ایندھن کی جگہ لے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لیہ کے علاقہ چوبارہ میں سورج کی روشنی (سولر)سے 100میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اس سے سالانہ 30ملین امریکی ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت میں بجلی کے سستی ذرائع سے حصول کے لئے پالیسی بنائی گئی ہے جس میں ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی سولر سے پیدا کی جائے گی اور آئندہ ملک میں بجلی بنانے والے تمام کارخانے مقامی ایندھن سے بجلی پیدا کریں گے۔ درآمدی تیل، فرنس آئل اور کوئلے کی کھپت کم کرکے زرمبادلہ بچایاجائیگا۔ حال ہی میں جھمپیر میں ہوا سے بجلی بنانے کے 110میگاواٹ کے منصوبے کا آغاز کردیاہے جبکہ گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا میں 880میگاواٹ کے سکھی کناری ہائیڈ روپاورپراجیکٹ کے منصوبے پر کام شروع کیاگیاہے۔ حکومت تیزی سے ماحول دوست اور سستی بجلی کے پیداواری منصوبوں پر کام کررہی ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے تھر میں مقامی کوئلے سے 1320میگاواٹ سستی بجلی کی پیداوار کے شنگھائی الیکٹرک پاور پراجیکٹ آئندہ مہینے سے بھرپور استعدادکے ساتھ بجلی فراہم کریگا جس سے پاکستان میں کسانوں کے ٹیوب ویلوں، صنعتکاروں کی صنعتوں، تاجروں کے کاروبار کو پھلنے پھولنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو مہنگی بجلی سے چھٹکارا دلوانے کے لئے سستی بجلی کی پیداوار کے لئے حل نکال رہے ہیں جس سے 7سے8روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا ہوگی اور عوام کے بھاری بھر کم بلوں میں واضح کمی آئے گی۔ ملک کی ترقی کے سفر کو مزید بڑھانے کے لئے مقامی کوئلے، پانی، ہوا اور سورج سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کو فروغ دیاجارہاہے۔  

مزیدخبریں