لاہور ( سٹاف رپورٹر) پاکستان سٹیٹ آئل کی چیف فنانشل افسر نے وفد کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے سلمان صادق شیخ اور سینئر ریلوے افسران کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے اور پی ایس او کے مابین زیر التواءمسائل کے تدارک کےلئے دونوں جانب سے افسران پر مشتمل کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر سی ای او ریلوے سلمان صادق شیخ نے کہا کہ ریلوے اور پی ایس او کا 40 سال کا پرانا ساتھ ہے، ہم بزنس ریلشن شپ مزید بہتر انداز میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس او کی ادائیگیاں ترجیحی بنیادوں پر کر رہے ہیں۔ سلمان صادق شیخ نے کہا کہ باہمی طور پر معاملات کے حل میں ہی دونوں اداروں کا مفاد ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف فنانشل افسر پی ایس او گلزار کھوجہ نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان جتنے بھی ایشوز حل طلب ہیں، جلد حل کیے جائیں گے۔پی ایس او وفد نے ریلوے حکام کو تاروجبہ کے مقام پر انٹر ٹرمینل آپریشن بڑھانے کی یقین دہانی کروائی۔ ریلوے انتظامیہ نے پی ایس او وفد سے مختلف طویل المدتی معاہدوں، کاروبار کو توسیع دینے، ڈپوز میں تیل کی ترسیل بڑھانے، ریلوے اراضی پر پٹرول پمپوں کی تنصیب اور ریلوے اسٹیشنز و ٹرینوں پر پی ایس او کی جانب سے برینڈنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔