ایمبولینس گاڑیاں رش میں پھنس جاتی ہیں،پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات ، ہسپتال کے ارد گرد رہائشےوں کو مسائل کا سامنا ہے، رپورٹ

Dec 08, 2022


راولپنڈی(جنرل رپورٹر )تجاوزات مافیا نے ہولی فیملی ہسپتال کے داخلی خارجی راستوں پر قبضہ کرلیا، غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل ، رکشی و ٹیکسی گاڑیوں کے سٹینڈ قائم ہو گئے، مریضوں ، لواحقین اور ہسپتال آنے والی ایمبولینسوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، گیٹوں کے سامنے ریڑھیاں لگا کر عارضی ہوٹل بن گئے جن کی وجہ سے ٹریفک کے بہاﺅمیں خلل پڑرہا ہے ، رپورٹ کے مطابق فیملی ہسپتال کی بیرونی دیوارکے ساتھ ساتھ خوانچہ فروشوں نے قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، اسی کے ساتھ موٹر سائیکل کھڑے کر دیئے جاتے ہیں،داخلی اور خارجی گیٹوں کے بالکل سامنے ریڑھی بانوں نے قبضہ کر رکھا ہے ایسے معلوم ہو تا ہے جیسے چھوٹے چھوٹے ہوٹل قائم کر دیئے گئے ہوں، ان کے ساتھ ہی رکشہ والے لائن کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ٹیکسی گاڑیاں بھی کھڑی کر دی جاتی ہیں ،، بائیکا والوں نے الگ سے اپنا سٹینڈ بنا رکھا ہے جو روڈ کے درمیاں موٹر سائیکل کھڑی کرکے مسافروں کو بٹھاتے ہیں، ہسپتال کے ارد گرد رہائش پذیر افراد کو بھی اس صورت حال سے مسائل کا سامنا ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں آنے والی ایمبولینس گاڑیاں رش میں پھنس جاتی ہیں، علاقے میں ٹریفک وارڈن موجود ہوتے ہیں اور نہ ہی کوئی پولیس اہلکار ڈیوٹی پر ہوتا ہے، نہ ہی تحصیل میونسپل کا پوریشن والے کوئی کارروائی کرتے ہیں۔

مزیدخبریں