بھٹ شاہ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر کی جانب سے مٹیاری کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے انجینئرز کو ترقیاتی کام، تعمیراتی میٹریل کے معیار اور اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر نے سٹی مٹیاری میں پیور بلاک کی تنصیب اور چھنڈن موری روڈ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عدیل احمد سوھو، ورکس اینڈ سروسز کے محکمہ ہائی ویز سمیت متعلقہ افسران نے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کام کے دوران درپیش رکاوٹوں سمیت دیگر معاملاتِ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے ترقیاتی منصوبوں میں درپیش مسائل کو بلاتاخیر حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ترقی کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں جنہیں بروقت مکمل کیا جائے تاکہ ضلع کی عوام سہولیات سے فائدہ اٹھا سکے، منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام اداروں کا مربوط تعاون بہت ضروری ہے، انہوں نے انتباہ کیا کہ کسی بھی متعلقہ محکمے کے اہلکاروں نے غفلت برتی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔