لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے محکمہ ماحولیات کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے زور دیا ہے کہ سٹیل سیکٹر میں نصب فرنسوں کے خلاف سخت اقدامات اس وقت تک روکے جائیں جب تک کہ معیاری اسکربرز کی تنصیب و فعالیت حتمی شکل حاصل نہیں کرلیتی۔ آل پاکستان سمال سٹیل ری رولنگ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ سکربرز کی تنصیب کے لیے پانچ سیکٹرز کو دس ملین روپے تک قرض فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سکربرز کے معیار کے تعین کا عمل جاری ہے تب تک فیکٹریوں کی بندش جیسے اقدامات سے گریز کیا جائے، صنعتیں، بالخصوص سٹیل ری رولرز ، جو پہلے ہی بندش کے دہانے پر ہیں، بہت زیادہ مالی نقصان کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز، کامرس ،انویسٹمنٹ اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے حکومت، لاہور چیمبر اور دیگر چیمبرز کے نمائندوں اورتعلیمی شعبہ کے ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو صنعتوں کو ایمیشن کنٹرول سسٹم کی تنصیب کے لیے مالی اور تکنیکی مدد پر تبادلہ خیال کرے گی اور سٹیل ملز، سٹیل فرنسز اور بوائلرز والی دیگر صنعتوں کو محکمہ تحفظ ماحولیات کے احکامات سے آگاہ کرے گی۔ کاشف انور نے ٹریڈ ایسوسی ایشنز سے اپیل کی کہ فرنس اور سکربرز کو باہم منسلک کریں انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ متعلقہ ایسوسی ایشنز اپنے اراکین کو محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے دئیے گئے معیارات سے ہم آہنگ ہونے پر زور دیں۔
لاہور چیمبر کی محکمہ ماحولیات کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی
Dec 08, 2022