لاہور(کامرس رپورٹر )اوورسیز انویسٹرزچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ستمبر2022سے اکتوبر2022 کے دوران ملک بھر میں کئے گئے اپنے جامع بزنس کانفیڈنس انڈیکس(BCI)سروے، ویو 22کے نتائج کا اعلان کردیا۔ نتائج کے مطابق ملک میں بزنس کانفیڈنس انڈیکس مجموعی طور پر منفی 4فیصد رہاجو مارچ سے اپریل 2022میں کئے گئے ویو21سروے کے17فیصد مثبت کے مقابلے میں 21فیصد منفی ہے۔کاروباری اعتمادمیں سب سے زیادہ کمی خدمات کے شعبے میں 24فیصد، تھوک اور پرچون (ریٹیل ،ہول سیل)تجارت22فیصد اورمینوفیکچرنگ کے شعبے میں 20فیصدریکارڈ کی گئی۔سروے میں 42فیصد جواب دہندگان مینوفیکچرنگ کے شعبے سے، 33فیصد خدمات کے شعبے سے اور 25فیصد ریٹیل /ہول سیل تجارت کے شعبے سے وابستہ تھے۔اعتماد میں 20فیصد کی نمایاں کمی کے بادجود مینو فیکچرنگ کے شعبے نے مثبت 3فیصد اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ خدمات اور ریٹیل سیکٹر میں کاروباری اعتماد کی سطح بالترتیب منفی 8فیصداورمنفی14فیصد رہی۔بی سی آئی کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اوآئی سی سی آئی کے صدر غیاث خان نے کہا کہ" مجموعی کاروباری اعتماد میں 4فیصد تک کی کمی افسوس ناک ہے لیکن گذشتہ 6 ماہ کے دوران انتہائی چیلنجنگ سیاسی اور اقتصادی صورتِ حال کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے حیران کن نہیں۔بہت زیادہ افراطِ زر اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے علاوہ، کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی نے بھی اقتصادی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔اگست کے دوران سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں ریکارڈبارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں مزید محدودہوگئیں ۔
اوورسیز انویسٹرزچیمبر نے ستمبرسے اکتوبرکے سروے نتائج کا اعلان کردیا
Dec 08, 2022