لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت نے کابینہ میں توسیع کر دی۔ پی ٹی آئی کے خیال احمد کاسترو نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ عمران خان پنجاب کابینہ میں توسیع سے لاعلم نکلے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس لاہور میں ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بھی شرکت کی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے خیال احمد کاسترو سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری محمد عبداللہ خان سنبل‘ صوبائی وزیر بشارت احمد راجہ‘ مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور ممبران صوبائی اسمبلی موجود تھے۔ ادھر زمان پارک میں سینئر رہنما نے اعتراض کیا کہ آج کابینہ میں توسیع ہوئی ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ عمران خان نے خیال کاسترو کے وزیر بننے پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ آپ وزیر بن رہے ہیں۔ میں تو سمجھا تھا کہ کسی محکمے کی سربراہی دینا ہے۔ چلیں کوئی بات نہیں‘ لیکن آپ کے وزیر بننے سے ہمارے بیانئے کو نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلیاں اسی ماہ تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ نے خیال احمد کاسترو کو وزارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ خیال احمد کاسترو نئی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھائیں گے اور عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کریں گے۔ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے اقدامات کا محور غریب عوام کی فلاح ہے۔
پنجاب کابینہ/ توسیع