آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 3اضلاع میں پولنگ جاری ہے۔پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کے بعد میرپورڈویژن کے 3 اضلاع میرپور بھمبر اور کوٹلی میں 12لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ میرپور ڈویژن بھر میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 55 ہزار 550 اور خواتین ووٹرز کی کل تعداد 5 لاکھ 82 ہزار 499 ہے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیاسی جماعتوں کے 4ہزار 300سے زائد امیدوار مدمقابل ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران میرپور ڈویژن میں 2ہزار 188پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 874کوحساس ترین جبکہ 803کو حساس قرار دیا گیا ہے۔میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع کی 11تحصیلوں، 116 یونین کونسلوں، 3 ضلع کونسل، 2 میونسپل کارپوریشن، 8 میونسپل کمیٹیوں اور 4 ٹاون کمیٹیوں کی مجموعی طور پر ایک ہزار 83 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔اس سے قبل 4 دسمبر کو آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آزاد امیدواروں نے 262 نشستیں جیت کر سیاسی جماعتوں کو چاروں شانے چت کر دیا تھا ۔پاکستان تحریک انصاف 260 نشستیں حاصل کر کے دوسرے اور مسلم لیگ ن 140 نشستیں جیت کر تیسرے نمبر پر رہی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی 125 نشستیں اپنے نام کر کے چوتھی پوزیشن کی حقدار ٹھہری تھی۔جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے 29 اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس نے بھی 29 نشستیں حاصل کی تھیں۔
آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ، 3اضلاع میں پولنگ جاری
Dec 08, 2022 | 10:39