انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، کسی جماعت کو لانے کا اختیار عوام کا ہے‘ مرتضی سولنگی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، اس بارے میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے، کسی جماعت کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکورٹی ضروریات پوری کریں گے۔ یہ بات انہوں نے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مرتضی سولنگی نے کہا ہماری کوشش ہوگی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطے کا کوئی فقدان نہ ہو، اس حوالے سے صوبائی وزرااطلاعات کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کسی کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے، پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ بڑے پالیسی فیصلے کرنا منتخب پارلیمان کا کام ہے، ہماری کوشش کہ جب سے ہمیں حکومت ملی ہے، اس کے بعد سے حالات خراب نہ ہوں، ہم بہتر حالت میں ملک منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا الیکشن کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے اور ہم الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دو ماہ کے مختصر عرصے میں کراچی کے کئی دورے کئے ہیں، نگران وزیراعظم نے پچھلے دنوں کراچی کا دورہ کیا، یہاں قیام بھی کیا اور تاجروں سے ملاقات بھی کی۔ نگران وزیراعظم کا صوبوں اور مختلف شہروں میں جانے کا اچھا ریکارڈ ہے، آپ نے اتنا فرینڈلی وزیراعظم کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ مرتضی سولنگی نے کہا سکیورٹی کے خدشات ہر الیکشن میں رہے ہیں، 2008میں الیکشن مہم کے دوران سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی شہادت ہوئی تھی، 2013کے انتخابات میں بھی سکیورٹی کا چیلنج موجود تھا۔ ابھی تک ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جس کو ہمارے سکیورٹی ادارے کنٹرول نہ کر سکیں۔

ای پیپر دی نیشن