نگراں وزیراعظم کے مشیر احمد خان چیمہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری ہوگئے۔احتساب عدالت لاہور کے جج ملک علی ذولقرنین اعوان نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احد چیمہ کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ سنایا۔واضح رہے کہ احتساب عدالت لاہور نے گزشتہ سماعت پر احد چیمہ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) نے نگراں وزیراعظم کے مشیراحد چیمہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں کلین چٹ دی تھی۔نیب رپورٹ کے مطابق احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس نہیں بنتا، احد چیمہ کے تمام اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں، ان کے مبینہ بے نامی داروں نےذاتی انکم سے پراپرٹیز بنائیں۔احتساب بیورو نے کہا کہ سعدیہ منصور،منصور احمد اور نازیہ اشرف کے اکاونٹس احد چیمہ کے بے نامی اکاونٹس نہیں، ری انوسٹی گیشن کے مطابق احد چیمہ کی کل آمدن 213 ملین اور اخراجات 131 ملین ہیں۔نیب نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ ری انوسٹی گیشن کے دوران احد چیمہ نے اپنی انکم اور منافع سے متعلق ریکارڈ نیب کو فراہم کیا جس کے بعد احد چیمہ کی جانب سے جمع کرائے گئے ریکارڈ کی تصدیق کی گئی جو درست ثابت ہوا۔قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت سے احد چیمہ کی بریت کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی استدعا کی تھی۔
احمد چیمہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری
Dec 08, 2023 | 11:40