اسلام آباد: ملک میں رواں ہفتے مہنگائی 1.16 فیصد مزید بڑھی جبکہ سالانہ بنیاد پر اس کی شرح 42.68 فیصد پر پہنچ گئی۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق 15 اشیاء مزید مہنگی ہوئیں۔ پیاز 12 روپے 38 پیسے، انڈے 8 روپے 45 پیسے، دال مونگ 2 روپے 44 پیسے اور دال مسور 34 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق چینی 1 روپے 13 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 13 روپے 41 پیسے مہنگا ہوا۔ حالیہ ہفتے کیلے، چائے، دہی اور مٹن بھی مہنگا ہوا۔
علاوہ ازیں، حالیہ ہفتے 14 اشیاء سستی ہوئیں۔ ٹماٹر 12 روپے 86 پیسے، آلو 4 روپے 57 پیسے، چکن 10 روپے 71 پیسے اور باسمتی چاول 4 روپے 53 پیسے ستے ہوئے۔ ڈھائی کلو گھی کا ٹن 5 روپے 73 پیسے، آٹا، دال چنا، چائے اور گڑ بھی سستا ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوئی۔
چند روز قبل وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کر دی تھی .جس میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں مہنگائی کی شرح کم ہو سکتی ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 25.5 سے 26.5 فیصد تک آنے کی توقع ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پہلے ہی مہنگائی پر آ چکا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق مقامی صنعتوں کی پیداوار اور ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا. توانائی سیکٹر میں پیداواری لاگت کو کم جبکہ ڈالر کا مارکیٹ ریٹ مقرر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کیا جا رہا ہے۔