لاہور+کلرسیداں (سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جاری 11 ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں میں پاکستان نے مزید 6 گولڈ میڈل جیت لئے۔ اتھلیٹکس میں ظفر اقبال اور محسن علی نے گولڈ میڈل جیت لئے۔ ریسلنگ کی 2 مختلف کیٹیگریز میں پاکستان نے طلائی تمغے حاصل کر لئے۔ باکسنگ میں محمد وسیم اور نعمت اﷲ فائنل کیلئے کوالیفائی کر گئے ہیں، پاکستان نے تیکوانڈو ایونٹ میں 3 سلور میڈل حاصل کئے۔ پاکستانی تیراک کرن خان نے سوئمنگ مقابلے میں ایک اور برونز میڈل جیت لیا ہے ٹی 20 کرکٹ فائنل میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ برونز میڈل میچ میں پاکستان نے نیپال کو شکست دے دی جبکہ کراٹے میں سائرہ ناصر نے پاکستان کےلئے گولڈ میڈل جیتا۔ سائرہ ناصرکا تعلق کلرسیداں سے ہے۔ تفصیل کے مطابق اس سے قبل کھیلے گئے ہاکی کے برونز میڈل میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 2-1 سے ہرادیا۔ ایک موقع پر سری لنکا ٹیم امپائر کے فیصلے نالاں ہو کر میچ ختم کرنے پر تیار ہوگئی تھی لیکن ٹیم آفیشلز نے میچ جاری رکھنے پر آمادہ کرلیا۔ اتھلیٹکس کے ٹرپل جمپ میں پاکستان کے ظفر اقبال نے 16.5 میٹر فاصلے کے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔ 100 میٹر رکاوٹی دوڑ میں پاکستان کے محسن علی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 14.76 سیکنڈ میں طے کیا۔ جیولین تھرو میں بھارت کے کاشی ناتھ نائیک نے 74.27 میٹر دور جیولین پھینک کر طلائی اور پاکستان محمد عمران نے 73.38 میٹر فاصلے کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔ کبڈی سٹیڈیم میں ہونے والے ریسلنگ مقابلوں میں پاکستان کے لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد علی نے 74 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ 96 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عامر نے پاکستان کو دوسرا طلائی تمغہ دلوایا۔ 54 کلوگرام باکسنگ مقابلے کے سیمی فائنل میں پاکستان کے نعمت اﷲ نے بنگلہ دیش کے محمد ندیم حسین کو شکست دے جبکہ پاکستان کے محمد وسیم نے 51 کلوگرام بھوٹان کے رابرٹ کنلے کو 5 کے مقابلے میں 12 پوائنٹس سے ہرادیا۔ نیشنل سپورٹس کونسل جمنیزیم میں ہونے والے تیکوانڈو مقابلوں میں پاکستان نے 3 سلور میڈل جیت لئے۔ پاکستان کے رضوان اسلام اور جاوید کریم نے مردوں جبکہ سمیعہ امداد نے خواتین مقابلوں میں سلور میڈل حاصل کیا۔ رضوان کو 74 کلوگرام وزن کے فائنل میں افغانستان کے مسعود ہاشمی نے شکست دی۔ 80 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں بھارت کے آنزپانڈیہ نے پاکستان کے جاوید کریم کو ہرایا۔ بنگلہ دیش کی شامی اختر نے پاکستان کی سمیعہ کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا سوئمنگ مقابلوں میں پاکستان کی کرن خان نے 50 میٹر بیک سڑوک مقابلے میں برونز میڈل حاصل کیا۔ بھارت کی فریحہ زمان نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم پر کھیلے گئے ٹی 20 فائنل میں بنگلہ دیش جونیئر ٹائیگرز نے فائنل میں سری لنکا کو 6 رنز سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 6 وکٹوں پر 157 رنز بنائے اوپنر انعام الحق 43‘ محمد متحسن 37 اور شبیر رحمان نے 21 رنز بنائے سری لنکا کے پتھی رانا اور تھیسیرا ہریرا نے 2, 2 کھلاڑی آوٹ کئے جواب میں سری لنکا ٹیم 19-5 اووروں میں 151 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی لاہیرو تھیریمنی نے 39‘ پتھی رانا 36 اور پریا یانجن نے 25 رنز بنائے بنگلہ دیش کے شبیر رحمان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے نیپال کو شکست دے کر برونز میڈل حاصل کیا۔