ڈیرہ اللہ یارمیں ڈیرہ بگٹی سے کوئٹہ جانے والی اٹھارہ انچ قطرکی گیس پائپ لائن کوشرپسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا،جس سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے ۔ نصیرآباد کی سرحدی پٹی منگولی کے مقام پرنامعلوم تخریب کاروں نے ڈیرہ بگٹی سے کوئٹہ جانے والی اٹھارہ انچ قطرکی مین گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیزمواد سے اڑا دیا جس کے باعث مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔ گیس کمپنی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور دھماکے سے لگنے والی آگ پرقابوپانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ گیس کے اخراج کو روکنے کے لیے اوچ پاورپلانٹ سے گیس کی فراہمی منقطع کردی گئی ہے ۔دوسری جانب دھماکے کے نتیجے میں قریب خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں میں بھی آگ پھیل گئی جس کے نتیجے میں ایک چوکیدارزخمی ہوگیا ہے جسے ڈیرہ اللہ یار ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔اس سے قبل نصیر آباد اور سبی کے قریب شر پسندوں نے دو سو بیس کے وی بجلی کے چار پولوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس کے باعث بلوچستان کے پندرہ اضلاع میں سولہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔