”ریمنڈ کو جلد رہا نہ کرنے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے“ امریکی سفیر کا صدر زرداری کو سخت پیغام

Feb 08, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (جاوید صدیق+ نیشن رپورٹ+ ایجنسیاں) امریکی سفیر کیمرون منٹر نے گذشتہ روز ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ لاہور میں گرفتار ہونے والے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پر تبادلہ خیال کیا۔ کیمرون منٹر جو لاہور کے واقعہ کے بعد صلاح مشورہ کے لئے واشنگٹن چلے گئے تھے نے صدر زرداری کو امریکی قیادت کا پیغام بھی پہنچایا اور صدر پر واضح کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کے پاس سفارتی پاسپورٹ ہے اور وہ سفارت کاروںکے زمرے میں آتا ہے اُسے بین الاقوامی قانون کے تحت رہا کرایا جائے۔ امریکی سفیر نے امریکہ کے اس مﺅقف کو دہرایا کہ پاکستان ریمنڈ ڈیوس کو حراست میں رکھ کر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ قابل اعتبار ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ صدر زرداری نے امریکی سفیر سے کہا کہ ایک مقتول کی بیوہ کی خودکشی کے بعد صورتحال زیادہ پیچیدہ ہو گئی ہے۔ ریمنڈ کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے عدالت جو فیصلہ کرے گی اس پر عملدرآمد ہو گا۔ امریکی سفارتخانہ کی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کیمرون منٹر نے صدر زرداری سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان غیرقانونی طور پر گرفتار ایک باشندے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرے۔ رات نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے سفارتخانہ کی خاتون ترجمان نے کہا کہ ہمارے خیال میں ریمنڈ ڈیوس کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا لاہور کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ایک پاکستانی کی بیوی نے جو خودکشی کی ہے اس سے صورت حال پیچیدہ نہیں ہو گئی تو ترجمان نے کہا کہ ہمیں اس واقعہ پر دکھ ہے لیکن اس سے زیادہ اس پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا صدر نے امریکی شہری کی رہائی کی یقین دہانی کرائی ہے تو ترجمان نے کہا کہ اس بارے میں آپ ایوان صدر سے پوچھیں۔ نیشن رپورٹ کے مطابق امریکہ نے پھر ریمنڈ ڈیوس کو جلد رہا نہ کرنے پر پاکستان کو سنگین نتائج کی وارننگ دی ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر نے صدر زرداری کو ملاقات کے دوران سخت پیغام پہنچایا۔امریکی سفارتخانے کی خاتون ترجمان کورٹنی بیلی کے مطابق کیمرون منٹر نے صدر سے کہا کہ پاکستان کو عالمی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور امریکی سفارتکار کو فوری رہا کرنا چاہئے۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا تاہم انہوں نے تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق امریکی سفیر نے اپنے شہری ریمنڈ ڈیوس کے ساتھ دوران حراست سفارتی تقاضوں کے مطابق سلوک کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں آئین و قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات کے بعد صدر زرداری نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر قانونی پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزیر قانون و انصاف بابر اعوان کو طلب کیا جنہوں نے صدر کو اس بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس سے قبل برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے بھی صدر زرداری سے ملاقات کی جس میں پاکستان، برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق صدر زرداری نے سری لنکن ہم منصب مہندا راجہ پکسے کو ٹیلی فون کیا اور سری لنکا میں سےلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی بحالی کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اے پی پی کے مطابق ایوان صدر میں جاپان کے سفیر چیرواتسومی سے گفتگو کے دوران صدر نے پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
مزیدخبریں