لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے جتنے ترقیاتی کام جنوبی پنجاب میں کئے ہیں‘ ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی جبکہ پرویز الٰہی کے دور حکومت میں ان علاقوں کی ترقی کے لئے دعوے تو کئے گئے لیکن عملی طور پر لوگ تمام سہولیات سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے ”کارنامے“ ان کا اقتدار ختم ہونے کے بعد لوگوں کے سامنے آ گئے جس میں ان کے تمام منصوبے کرپشن کے قبرستان ثابت ہوئے۔ چودھری پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی نے اپنے دور حکومت میں کرپشن اور اقرباپروری کے ریکارڈ قائم کئے اور اس ضمن میں ان کے ریکارڈ توڑنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کا ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ دراصل 200 ارب روپے کی لوٹ کھسوٹ کا منصوبہ تھا جبکہ اس کے مقابلے میں میٹرو بس سروس ملکی تاریخ کا پہلا منصوبہ ہے جس میں عام لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی اس تصور سے ہی پریشان ہیں کہ پنجاب حکومت نے عام لوگوں کی سہولت کے لئے اتنا بڑا منصوبہ کیوں بنا لیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں لوگوں کو سہولیات سے محروم رکھنے اور اپنے مفادات کے لئے کرپٹ زرداری کی چھتری تلے پناہ ڈھونڈنے والے کس منہ سے پنجاب حکومت کے عوامی اور فلاحی منصوبوں پر تنقید کرتے ہیں؟ آئی این پی کے مطابق پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا ءاللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما¶ں کی ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد اسٹیبلشمنٹ اور غیر جمہوری قوتوں کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، الیکشن ملتوی کرانے کے حربے پوری قوت سے ناکام بنا دینگے۔ لاہور میں ایرانی ثقافتی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تبدیلی ووٹ کے انقلاب سے آئے گی۔
پرویز الٰہی کے دور میں کرپشن اور اقرباپروری کے ریکارڈ قائم کئے گئے: رانا ثناء
Feb 08, 2013