لاہور (وقائع نگار خصوصی) صدر زرداری کے دو عہدوں سے متعلق توہین عدالت کیس میں وفاق کے وکیل وسیم سجاد نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ صدر سیاسی عہدہ چھوڑ دیں گے۔ میرے اور صدر کے متعلق بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاق کے وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ عدالت میں یہ کبھی نہیں کہا کہ صدر زرداری اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے بلکہ شروع سے ہی کہتا رہا کہ صدر کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں ہے۔ میرے اور صدر سے متعلق بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پانچ برس کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ اگر نگران حکومت کا فیصلہ نہ ہو سکا تو الیکشن کمشنر کے پاس اس فیصلے کا اختیار ہے۔ عدالت کو غلط تاثر دیا گیا کہ صدر زرداری حکمران جماعت کے شریک چیئرمین ہیں۔