اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت نیوز) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے آصف ایزدی کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے 35 ارکان کیخلاف دوہری شہریت رکھنے سے متعلق دائر کیا گیا ریفرنس خارج کر دیا ہے۔ درخواست گزار اپنے ریفرنس کے حوالے سے کوئی ثبوت الیکشن کمیشن میں پیش نہ کرسکے۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں جسٹس ریٹائرڈ محمد روشن عیسانی، جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی، جسٹس ریٹائرڈ شہزاد اکبر خان اور جسٹس ریٹائرڈ فضل الرحمن پر مشتمل الیکشن کمیشن نے آصف ایزدی کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے 35 ارکان کیخلاف دائر کئے گئے ریفرنس کی سماعت کی ۔ اس ریفرنس میں آصف ایزدی نے موقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان رانا بابر حسین، ڈاکٹر فرخ جاوید،سید رضا علی گیلانی، پیر کاشف علی چشتی، راجہ شوکت عزیز بھٹی، عمران اشرف، محمد یار ہراج، طاہر خلیل سندھو، مخدوم محمد ارتضا، عارفیہ خالد پرویز، فائزہ احمد ملک، غلام سرور، عمران خالد بٹ، زعیم قادری، شاہجہان احمد بھٹی، علی حیدر نور خان نیازی، حافظ نعمان،محسن لطیف، طارق محمود، شمشیر حیدر وٹو، سردار محمد حسین ڈوگر، فوزیہ بہرام، ڈاکٹر سعید مغل، مخدوم افتخار حسین ، رضیہ جوزف، ڈاکٹر مسرت حسین، ڈاکٹر صائمہ امجد، زیب جعفر، حمیرا اویس شاہد، شاہان ملک، تنویر السلام، ظفر ذوالقرنین ساہی، شہریار ریاض اور سابق ایم پی اے جمیل اشرف ، ڈاکٹر طاہر علی جاوید دوہری شہریت کے حامل ہیں اور انہوں نے اپنے بیان حلفی میں الیکشن کمیشن سے اپنی دوہری شہریت کو چھپایا ہے۔ تمام ارکان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ متعدد ارکان کے وکلاءبھی سماعت کے موقع پر پیش ہوئے اور بتایا کہ ان کے موکلان نے جو حلف نامے داخل کرائے ہیں وہ بالکل درست ہیں اور ریفرنس میں کوئی سچائی نہیں جس پر الیکشن کمیشن نے درخواست گزار آصف ایزدی سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس اپنے ریفرنس کے حوالے سے کوئی ثبوت موجود ہیں اس پر آصف ایزدی نے کہا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں، اخباری خبر پر ریفرنس دائر کیا۔ ثبوت حاصل کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے ، الیکشن کمیشن نے اس پر سماعت مکمل کر کے ریفرنس مسترد کردیا اور کہا کہ درخواست گزار اپنے ریفرنس کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔چیف الیکشن نے کہا کہ درخواست گزار کو تصدیق کرکے ریفرنس دائر کرنا چاہئے تھا، کمشن کا وقت ضائع کیا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ پنجاب حکومت سے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ طلب کی جائے۔ رکن الیکشن کمشن نے جواب دیا ہم صرف عمومی الزام پر کسی کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتے۔ پنجاب اسمبلی کے ارکان رانا بابر حسین اور فرخ جاوید نے دہری شہریت نہ رکھنے کا بیان ریکارڈ کروایا۔ رضا علی گیلانی، پیر کاشف چشتی، شوکت عزیز بھٹی اور عمران اشرف نے بھی بیان ریکارڈ کروایا۔ 33 ارکان نے دہری شہریت نہ ہونے کا حلفیہ بیان ریکارڈ کرایا۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے درخواست گزار کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ کرنے کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن زعیم قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمشن کا شکریہ ادا کیا۔
دوہری شہریت :الیکشن کمشنر نے 35 ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس عدم ثبوت پرخارج کر دیا
Feb 08, 2013