2013ئ: 36دنوں میں 3ہزار بچوں میں خسرہ کی تصدیق ہوئی: عالمی ادارہ صحت

Feb 08, 2013

 لا ہور‘گوجرانوالہ، حافظ آباد ( سپیشل رپورٹر +نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ خسرے کی وباءنے پاکستان میں تمام ریکارڈ توڑ دئیے، رواں سال کے ابتدائی 36 دنوں میں 3 ہزار بچوں میں خسرے کی تصدیق ہوئی ہے، آئی این پی کے مطابق 131 بچے جاں بحق ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں خسرہ کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ گوجرانوالہ شہر اورگردو نواح کے علاقوں میں خسرے کا شکار بے شمار کمسن بچے ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ روز بھی خطرناک مرض میں مبتلا ہونے والے فرید ٹاﺅن کے کامران کے 9ماہ کے بیٹے عبداللہ کھوکھر کی کے خوشی محمد کی تین سالہ بیٹی طیبہ اور راہوالی کے محمد علی کی چھ سالہ بیٹی لائبہ کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔ حافظ آباد میں خسرہ سے متاثر ہونے والی اڑھائی سالہ ایمان فاطمہ، پانچ سالہ اسد علی اور نو ماہ کی نوشین فاطمہ کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کیا گیا ہے۔ ایک ماہ کے دوران متاثرہ بچوں کی تعداد 12سو ہو گئی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے چائلڈ اسپیشلسٹ/ انچارج انسداد خسرہ وارڈ ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل خسرہ سے متاثر ان بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد چٹھہ کا کہنا ہے کہ خسرہ سے بچاﺅ اور اس سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ دریں اثنا لاہور میں خسرہ کے 49 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد 18 دنوں میں مریضوں کی تعداد 655 ہو گئی ہے۔ 22 چلڈرن، 2 جنرل، 4 جناح، 2 گنگارام، 8 میو اور 11 نجی ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق حکومت نے خسرہ کے خلاف عالمی اداروں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی اداروں کا اجلاس 13 سے 15 فروری کو اسلام آباد میں ہوگا عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، یو ایس ایڈ، ورلڈ بینک سمیت 11 ادارے شرکت کریں گے اجلاس میں خسرہ کی وباءسے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزیدخبریں