کٹک (نیوز ایجنسیاں) بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی خواتین ورلڈکپ میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی، پاکستانی ٹےم میگا ایونٹ میں فتح کا مزہ نہ چکھ سکی، پاکستان کا بھارت کو کامیابی کےلئے 193رنز کا ہدف، ندا ڈار اور نین عابدی کی نصف سنچریاں، بھارت کی نرنجانے کی 3، جھولان گوسوامی ن کی دو وکٹیں، بھارت نے مقررہ ہدف46 اوورز میں حاصل کر لیا۔ متھالی راج کو شاندار سنچری بنانے پر ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا۔کٹک میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور ندا ڈار اور نین عابدی کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ ندا ڈار سات چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہیں جبکہ نین عابدی نے 113 گیندوں پر 58 رنز کی سست رفتار مگر اہم اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی۔ بھارت کی جانب سے نرنجنا نے تین جبکہ جھولان گوسوامی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے کپتان متھالی راج کی سنچری کی بدولت مقررہ ہدف چھیالیس اوورز میں حاصل کر لیا۔متھالی نے103 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے قینیطہ جلیل، بسمہ معروف اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔متھالی راج کو شاندار سنچری بنانے پر ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سپر سکس مرحلے کا آغاز آج سے ہو گا۔ پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم روایتی حریف آسٹریلیا کے مدمقابل ہو گی، دوسرے میچ میں سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے آمنے سامنے ہو گی جبکہ سپر ایٹ کا تیسرا میچ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سپر سکس کے دوسرے مرحلے کے میچز 10 اور 11 فروری کو کھیلے جائیں گے جبکہ سپر سکس کے تیسرے اور آخری مرحلے کے میچ 13 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ میں تیسری اور پانچویں پوزیشن کے میچ 15 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 17 فروری کو کھیلا جائے گا۔