لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام فیصل آباد میں کھیلی جانے والی انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی۔ فائنل میچ میں نیشنل بنک کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے پی آئی اے کے خلاف کامیابی حاصل کر کے وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ چیمپئن شپ کا فائنل واپڈا اور نیشنل بنک کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں واپڈا نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے اسد بشیر اور ایم عمیر نے ایک ایک گول کیا۔ اس سے قبل تیسری پوزیشن کا میچ سوئی سدرن گیس اور پی آئی اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوئی گیس ٹیم نے تین دو سے کامیابی حاصل کی۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل (ر) اکرم ساہی صدر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا مجاہد سمیت اولمپئنز کی بڑی تعداد موجود تھی۔