لندن (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) پاکستان میں کچھ لوگوں نے مل کر عام آدمی پارٹی پاکستان شروع کی ہے۔ اس پارٹی کے سربراہ ارشد سلہری ہیں جو ایک سماجی کارکن ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ارشد سلہری نے کہا ہم بے شک بھارت کی عام آدمی پارٹی سے متاثر ہوئے ہیں اور ہمارا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔ جب پاکستان تحریک انصاف منظر پر آئی تو اس نے عام لوگوں اور نوجوانوں میں ایک امید پیدا کردی تھی، لیکن اس جماعت نے سب کو مایوس کیا ہے۔ ارشد سلہری کا کہنا تھا پاکستان میں عام آدمی کے لئے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی بھی اس راستے سے بھٹک گئی ہے۔ ارشد سلہری کا کہنا ہے انہوں نے پارٹی کے لئے ممبرشپ مہم کا آغاز کردیا ہے اور اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی جیسے شہروں میں لوگوں کو پارٹی کی رکنیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا پارٹی کا باقاعدہ اعلان اس سال 23 مارچ کو کیا جائے گا۔