لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز 5 میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ کراچی زیبراز نے فاٹا چیتاز کو ایک سکور سے شکست دیدی۔ کراچی زیبراز نے 14 اوورز میں 5 وکٹوں پر 97 رنز بنائے۔ فاٹا کی ٹیم 96 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کوئٹہ بیئرز نے حیدرآباد ہاکس کو 5 وکٹوں سے ہرایا۔ حیدرآباد ہاکس کی ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کوئٹہ بیئرز نے ہدف 5 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ سیالکوٹ سٹالینز نے لاڑکانہ بلز کو 97 رنز سے ہرا دیا۔ سیالکوٹ سٹالینز نے 6 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔ کپتان شعیب ملک 2 رنز بنا سکے۔ لاڑکانہ بلز کی ٹیم 69 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ بلاول بھٹی نے 3، عبدالرحمن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیرہ مراد جمالی ابیکسز نے ایبٹ آباد فالکنز کو 11 رنز سے شکست دیدی۔ ڈیرہ مراد جمالی نے 5 اوورز میں 5 وکٹوں پر 35 رنز بنائے۔ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔ ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم 5 اوورز میں 7 وکٹوں پر 24 رنز بنا سکی۔ یاسر حمید نے 11 رنز بنائے۔ 4 کھلاڑی صفر سکور پر رہے۔ اسلام آباد لیپرڈز نے لاہور ایگلز کو 17 رنز سے زیر کیا۔ اسلام آباد لیپرڈز نے 7 وکٹوں پر 117 رنز بنائے۔ لاہور ایگلز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 101 رنز بنا سکی۔ عمرگل، عماد وسیم نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔