لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) ق لیگ نے سینٹ کے الیکشن کیلئے فی الحال امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا تاہم پیپلز پارٹی نے ق لیگ کو چودھری شجاعت حسین کو اگلی مدت کیلئے بھی امیدوار نامزد کرنے کی صورت میں حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ق لیگ کے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے شجاعت حسین کو فون کر کے حمایت کا وعدہ کیا تاہم ق لیگ کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرینگے کیونکہ پارٹی صدر کی سینٹ الیکشن میں کامیابی کا مکمل یقین ہونے کے بغیر شجاعت کو نامزد نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے پیپلز پارٹی اور ق لیگ دونوں جماعتوں کے پنجاب اسمبلی میں اتنے ارکان نہیں کہ وہ اپنا سنیٹر منتخب کراسکیں۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں جماعتیں کسی ایک امیدوار کو مشترکہ طور پر سامنے لانے کے حق میں ہیں۔ اس حوالے سے کامل علی آغا نے کہا کہ امیدوار کا فیصلہ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا جبکہ پیپلز پارٹی کے منظور وٹو نے بتایا کہ پارٹی آج کراچی میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کرے گی۔ پنجاب میں ق لیگ کے 9 ارکان ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے 8 اور ایک جماعت اسلامی کا رکن ہے جبکہ 5 آزاد ارکان ہیں جبکہ پنجاب میں 30 ارکان رکھنے والی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف پنجاب سے الیکشن نہیں لڑ رہی۔ اس طرح امیدوار کی کامیابی کیلئے اب 52 کی بجائے 46 ارکان کا ووٹ درکار ہو گا۔
سینٹ الیکشن، شجاعت کو امیدوار بنانے پر پیپلز پارٹی، ق لیگ کی حمایت کریگی
Feb 08, 2015