القسام بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کیخلاف غزہ میں مظاہرے جاری

Feb 08, 2015

غزہ (این این آئی) مصری عدالت کی جانب سے القسام بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کیخلاف غزہ کی پٹی میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ روز غزہ میں قائم مصری سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں میںبینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مصری حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ القسام کو دہشت گرد قرار دینے کے عدالتی فیصلے کو مسترد کردے۔ مظاہرین نے مصری عدالت کے فیصلے کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر صلاح الدین بردویل نے مصری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عدالت کی جانب سے القسام پر پابندیوں کا فیصلہ مسترد کردے کیونکہ القسام کا مصر کے اندورونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ القسام بریگیڈ مسلم امہ کی شرف اور اس کی عزت وقار کی علامت ہے اسے دہشت گرد قرار دینا اسرائیل کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصری عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ اس نے قومی مفاد کی خاطر القسام کو دہشت گرد قرار دیا ہے،، میں استفسار کرتا ہوں اپنے بھائیوں کو قومی مفادات کی خاطر دشمن قرار دینے کا آخر کیا جواز ہے۔ اپنوں کیلئے زمین تنگ کرنا قومی مفاد نہیں بدنیتی ہے،مصری عدالت نے پابندی عائد کرکے پہلے سے مشکلات کا شکار فلسطینی عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔

مزیدخبریں