اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) انجمن ہلال احمر اور اتحاد تنظیم المدارس کے درمیان عوام میں پولیو کے بارے میں شعور و آگہی کیلئے معاہدہ ’’میثاق انسانیت‘‘ کے تحت علماء اور مدارس کے طلبہ نہ صرف پولیو کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرینگے بلکہ ہنگامی صورتحال میں رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات بھی دینگے۔ اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ مدارس میں فرسٹ ایڈ سنٹر بھی قائم کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو اسلام میں مقدم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ رضا کارانہ طور پر خون کے عطیات دینے کیلئے خود کو رجسٹرڈ کرائینگے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی خدمات فراہم کرینگے۔ چیئرمین انجمن ہلال احمر سعید الٰہی نے بتایا کہ ان کی تنظیم میں 17 لاکھ رضا کار موجود ہیں۔