لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونیوالی پریس ریلیز میں قومی آف سپنر کے مشکوک بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق سعید اجمل کی تمام ڈلیوریز کرکٹ قوانین کے تحت 15 ڈگری کے اندر ہیں۔ باو¿لنگ ایکشن کلیئر قرار دیئے جانے کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا اپنے ایکشن کی درستگی کیلئے بہت محنت کی اور روزانہ 30 سے 40 اوورز کئے۔ پی سی بی، اپنے کوچز ثقلین مشتاق، مشتاق احمد اور محمد اکرم کا ممنون ہوں جنہوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے میرے باو¿لنگ ایکشن کو درست کرنے میں مدد دی۔ میڈیا کا بھی مشکور ہوں جس نے کسی بھی جگہ میرا ساتھ نہ چھوڑا۔ میری خواہش ہے کہ میگا ایونٹ کا حصہ بنوں مگر فی الحال ورلڈ کپ کے لئے تیار نہیں۔ میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ان فٹ ہوکر واپس آئے اور میں اس کی جگہ لوں۔ انہوں نے کہا بہت ضرورت ہوئی اورسلیکٹرز بھیجیں گے تو وہ میگا ایونٹ میں میدان میں اترنے کے لئے تیار ہیں۔ مزید برآں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل کی آواز فرط جذبات سے بھرا گئی اور وہ گلوگیر آواز میں دنیا بھر میں اپنے شائقین کا شکریہ ادا کرتے رہے۔ سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178، ون ڈے میں 183 اور ٹی ٹونٹی میں 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنیوالے باﺅلر ہیں۔ سعید اجمل اب بھی آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا سعید اجمل کو با¶لنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود فوری طور پر عالمی کپ کیلئے قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا با¶لنگ ایکشن کلیئر ہونا خوش آئند ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین انہیں عالمی کپ سکواڈ میں شمولیت کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ کرکٹ سیریز کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ ہمیں اپنی حکومت کی طرف سے اجازت حاصل ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی حکومت کے قیام کے بعد انہیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کیلئے حکومتی سطح پر اجازت کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ کوئی ڈیڈلاک نہیں۔ ان کے ساتھ اچھی گفتگو چل رہی ہے۔