لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبے میں صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے شعبہ صحت میں جامع اصلاحات کے انقلابی پروگرام پر عملدرآمد کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت پنجاب میں تمام تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں تیزرفتاری سے جامع اصلاحات کی جائیں گی۔ تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی منظورشدہ آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی منظور شدہ آسامیوں پر بھرتی کے پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ دوردراز اور پسماندہ اضلاع میں تحصیل و ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ اور میڈیکل ڈاکٹروں کیلئے کارکردگی کی بنیاد پر خصوصی مراعاتی پیکیج دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مارچ 2015ء تک تمام تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں بنیادی ادویات کی سو فیصد فراہمی یقینی بنانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عوام کو معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور اربوں روپے کے وسائل عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی پر نچھاور کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپریل تک منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھرتی کا تمام عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا۔ ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق ادویات کی سپلائی، تقسیم اور سٹاک کے تمام نظام کی مانیٹرنگ کا میکانزم تیار کیا جائے۔ تحصیل و ضلعی ہیڈ کو ارٹرز ہسپتالوں میں مشینری اور آلات کا انونٹری کنٹرول سسٹم وضع کیا جائے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے نئے اقدامات کی موثر مانٹیرنگ کی جائے گی۔ ہسپتالوں میں شکایات کے ازالہ کیلئے کمپلینٹ سیل بنائے جائیں۔ شہبازشریف کی زیرصدارت ایک اور اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2014-15ء پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستحکم معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائیں۔ عوام کی سہولت کیلئے منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے۔ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے لاہور و شیخوپورہ میں پتنگ بازی کے بعض واقعات اور شیخوپورہ کے علاقے میں ڈورسے بچی کے زخمی ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پتنگ بازی کے بعض واقعات پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔