ملک میں سیاست کی بساط پھر سے بچھ گئی،سیاسی جرگہ متحرک ہے توکہیں ٹیلیفون کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں -آصف زرداری نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے رابطہ کرکے ایک بارپھر ساتھ چلنے کی دعوت دی،اوردونوں جماعتوں میں مفاہمت کرانے کیلئے رحمان ملک کوٹاسک سونپ دیا ،زرداری مسلم لیگ قاف کوبھی نہیں بھولے اورچوہدری شجاعت حسین سے رابطہ کرکے دوبارہ اتحاد کی پیشکش کی،ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان پنجاب اوربلوچستان کی سطح پراتحاد ہوچکا ہے، سینیٹر رحمان ملک نے بھی گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کو ٹیلیفون کیا اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا رحمان ملک نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی-
دوسری جانب مسلم لیگ نون کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں بھی امیدواروں کے انٹرویو کرکے ان کے نام فائنل کیے جائیں گے،اس سلسلے میں لیگی قیادت چند ناموں پرپہلے ہی اتفاق کرچکی ہے،قومی اسمبلی میں استعفے دینے والی تحریک انصاف بھی سینٹ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں چار رکنی پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دیا جا چکا ہے-