اورنج لائن منصوبہ کیخلاف متحدہ اپوزیشن پرسوں احتجاجی ریلی نکالے گی

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمودالرشید نے کہا ہے پنجاب کے10 کروڑ عوام کے مستقبل کے فیصلے کا حق فردِ واحد کو نہیں، یہ اختیار منتخب ایوان کو حاصل ہے۔ شہنشاہ پنجاب نے 10 سے زائد وزارتیں اپنے پاس رکھی ہیں، صوبے میں عملی طور پر آمریت قائم ہے، صوبہ پولیس سٹیٹ بن چکا ہے، جنوبی پنجاب کی حالت قابل رحم ہے، پارلیمنٹ، عوام اور پی آئی اے ملازمین کو اعتماد میں لئے بغیرپی آئی اے کی نجکاری آمرانہ فعل ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے پبلک سیکرٹیریٹ میں’’ گڈگورننس‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن پرسوں بدھ کو اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کی قیادت میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف اسمبلی سے ایوان وزیراعلیٰ تک احتجاجی ریلی نکالے گی، محمود الرشید کا کہنا ہے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف بھی آواز بلند کی جائیگی۔ حکومت کی پالیسیوں نے کسان اور کاشتکارکوزندہ درگور کردیا، دنیا بھر میں زراعت پر سبسڈی کا نظام ہے لیکن ظالم جابر حکمرانوں نے اسے ختم کردیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا زرعی مراحل پر عائد تمام ٹیکسز کو ختم کیا جائے،زرعی نظام پر سبسڈی کا نظام بحال کیا جائے، سولر ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا وعدہ پورا کیا جائے، فصلوں کی انشورنس پالیسی اور کوآپریٹو کمپنیوں کی تشکیل کی جائے اورپانی کے ضیاع کو روکنے اور روایتی کاشتکاری کے طریقوں کی بجائے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جائے۔ مزید برآں محمود الرشید نے این اے 96کے ٹکٹ ہولڈر ایس اے حمید کی رہائشگاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا تحریک انصاف کی سیاست کا محور احتجاج نہیں بلکہ اصل اپوزیشن اور عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنا ہے، اس موقع پر نوشین حامد، سعدیہ سہیل اور دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن