تیزی سے بڑھتی عمر کی وجہ سے عمران سوتے جاگتے صرف وزیراعظم بننے کے خواب دیکھتے ہیں: رانا ثنا

Feb 08, 2016

لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے تیزی سے بڑھتی عمر کی وجہ سے عمران خان سوتے جاگتے صرف وزیراعظم بننے کے خواب دیکھتے ہیں، وفاق میں وزیراعظم نوازشریف اور پنجاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت کی دور رس اور مثبت پالیسیوں کی وجہ سے تحریک انصاف کے پاس احتجاج کا کوئی ایجنڈا نہیں اس لئے وہ ملک کی ترقی کے درپے ہیں۔ ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا ملک میں معیشت اور امن و امان کی بہتر ہوئی صورتحال اور میگا پراجیکٹس نے عام انتخابات سے قبل ہی عمران خان کی راتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ تحریک انصاف ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں غل غپاڑے کی سیاست کا نتیجہ بھگت چکی اس کے باوجود راہ راست پر آنے کو تیار نہیں۔ تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے میڈیا میں واویلا کیا لیکن اب اجلاس شروع ہے تو ان کا ایوان کے اندر دل ہی نہیں لگتا اور چھینک آنے پر بھی واک آئوٹ کر کے گھروں کو روانہ ہو جاتے ہیں۔

مزیدخبریں