سٹیل ملز، پی آئی اے جیسے اداروں کی نجکاری ہوئی تو ملک باقی نہیں رہیگا: غنویٰ بھٹو

Feb 08, 2016

گجرات + ڈنگہ ( نامہ نگاران) پی پی پی بھٹو شہید گروپ کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ حکمران بھٹو دشمنی میں سامراجی قوتوں کے دوست بن کر ملکی اداروں کی نجکاری کررہے ہیں اگر سٹیل ملز، پی آئی اے، پی ٹی سی ایل، شوگر انڈسٹری او ر وطن عزیز کی اراضی اجنبی ممالک کو بیچ دی گئی تو پاکستان باقی نہیں رہیگا۔ وہ ڈنگہ میں ورکرز کنونش سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری ، نواز شریف جیسے حکمرانوں کے ہاتھوں میں ملک آخری سانسیں لے رہا ہے بھٹو کے جیالے گھروں سے سڑکوں پر نکل کر زرداری ،نواز ٹولے کیخلاف نفرت کا اظہارکریں ساری ذمہ داری میر مرتضیٰ بھٹو خاندان پر نہ ڈالیں میں تنہا کچھ نہیں کر سکتی اور نہ ہی آپ لوگ تنہا کچھ کر پائیں گے جب ہم ایک ہونگے تبھی بھٹو کی پارٹی بر سراقتدار آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ زرداری پارٹی اصل پیپلزپارٹی نہیں بلکہ وہ پارلیمنٹ میں صرف پیسہ اکٹھا کرنے اور لوٹ مار کرنے کیلئے موجود ہے مشرف دور میں پیپلزپارٹی ختم ہو چکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مرتضیٰ بھٹو کی شہادت کے بعد 19سال سے کسی سیاسی جماعت اور حکومت کا حصہ نہیں بنے نہ ہی آپ لوگوں سے غداری کی مگر ہمیں ہر مرتبہ الیکشن میں شکست سے دوچار کر دیا گیا لیکن امید ہے ایک روز اُنکے ساتھ کھڑے ہونگے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ سندھ کے لوگ پنجاب کے عوام کو دشمن نہیں سمجھتے لیکن پانی پر حق سب کا برابر ہے سندھی اور پنجابی پانی چوری نہیں کررہے صرف امیر طبقہ ایسا کررہا ہے۔

مزیدخبریں