ہڑتال کا فائدہ اٹھا کر ایک وزیر کی ائرلائن نے کروڑوں روپے کما لئے، نجکاری کے کھیل کا پردہ جلد چاک ہو گا: شیخ رشید

Feb 08, 2016

لاہور (اے این این) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہ کر کے اربوں روپے کما لئے، ملک میں ہر طرف بھوک اور ننگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو ترقی نہیں تباہی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے۔ عوام اگر اپنے حقوق کیلئے نہ اٹھے تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں کہ عمران خان کھرا اور سچا انسان ہے۔ سدا وقت ایک جیسا نہیں رہے گا اور یہاں بڑا کچھ بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری کی آڑ میں جو کھیل کھیلنے جا رہی ہے اس کا پردہ جلد چاک ہو گا۔ صرف چار سے پانچ روز میں ایک حکومتی وزیر کی ائیرلائن نے ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کروڑوں کما لئے ہیں۔

مزیدخبریں