پاکستان گیس پائپ لائن بچھائے، تجارت 5 ارب ڈالر سالانہ ہونی چاہئے: ایرانی سفیر

Feb 08, 2016

اسلام آباد (جاویدصدیق) پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے ایٹمی پابندیاں اٹھنے کے بعد ایران اسلامی انقلاب کے اساسی اصولوں پر کاربند رہے گا اور مغرب کی بالادستی قبول کریگا نہ ہی اپنے داخلی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت دیگا۔ ’’وقت نیوز‘‘ کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے نئے سفیر نے کہا یہ تاثر درست نہیں کہ ایران اپنے پڑوسی ملکوں کو مرعوب کرنے کی کوشش کریگا۔ انہوں نے کہا ایران کی کئی سو سال کی تاریخ گواہ ہے ایران نے کسی پڑوسی ملک سے جنگ نہیں کی۔اس سوال پر کہ سعودی عرب اور ایران دو اہم اسلامی ملک ہیں ان کے درمیان مخاصمت سے عالم اسلام پریشان ہے کیا دونوں ملکوں میں مصالحت نہیں ہوسکتی تو ایرانی سفیر نے کہا سعودی عرب سے ہماری کوئی دشمنی نہیں۔ تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانہ پر حملہ کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔سعودی عرب کی طرف سے ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ افسوس ناک ہے۔ایرانی سفیر سے استفسار کیا گیا پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب اور ایران میں مصالحت کی کوشش کی وہ نتیجہ خیز ثابت ہوگی تو ایرانی سفیر نے کہا پاکستان کے وزیراعظم کی مصالحت کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں ہم نے انکی تجویز پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے بارے میں ایک سوال پر ایران کے سفیر نے کہا پاکستان اور ایران تاریخی ثقافتی اور لسانی اعتبار سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ میرے خیال میں دونوں ملکوں میں کوئی فرق نہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا میں اس سے پہلے یورپی ملکوں میں ایران کا سفیر رہا ہوں میں نے خود پاکستان میں سفیر بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرا مشن یہ ہے پاکستان اور ایران کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے۔ پاک ایران تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے تجارتی اور معاشی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس وقت پاکستان اور ایران کی تجارت صرف 200 ملین ڈالر سالانہ ہے یہ کم سے کم پانچ ارب ڈالر سالانہ ہونی چاہئے۔ایرانی سفیر سے پوچھا گیا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل میں کیا رکاوٹ ہے تو ایران کے سفیر نے کہا ہماری طرف سے تو کوئی رکاوٹ نہیں۔ گیس پائپ لائن بلوچستان کی سرحد تک پہنچا دی ہے۔ اب پاکستان کا کام ہے وہ اپنی سرحد کے اندر گیس پائپ لائن بچھائے۔ پاک ایران باقاعدہ تجارت شروع ہوجائے تو سمگلنگ ختم ہوجائیگی۔

مزیدخبریں