وزیراعلیٰ کے فیس بک صفحہ پر سینکڑوں شکایات، کارروائی نہ ہوسکی

Feb 08, 2016

لاہور ( معین اظہر سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے فیس بک صفحہ پر ملنے والی سینکڑوں شکایات پر کوئی کارروائی نہیں ہوسکی، بیورو کریسی نے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو محکموں سے وزیر اعلی کی فیس بک پر ہونے والی شکایات کے ازالہ کی رپورٹ کیلئے پالیسی بنائیگی۔ چند ماہ قبل وزیر اعلی پنجاب کا فیس بک اکائونٹ بنایا گیا تھا تمام محکموں کو وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے سخت ہدایات دی گئی تھیں کہ جو بھی عوامی شکایت فیس بک پر آئیگی محکمہ چوبیس گھنٹے کے اندر اندر اسکا جواب بھیجے لیکن بیورو کریسی نے وزیر اعلی کے ان سخت احکامات کو بھی ہوا میںاڑا دیا ہے، کمیٹی کا پہلا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ محکموں کا وزیر اعلیٰ کی فیس بک پر رسپانس انتہائی خراب ہے، اب وزیر اعلیٰ کی فیس بک پر ہونے والی شکایات کا جواب متعلقہ سیکرٹری خود چیک کرکے بھیجے گا، رپورٹ درست اور حقائق پر مبنی ہونی چاہیے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شکایت پر کاروائی کی تصویری رپورٹ بھی کمیٹی کو بھیجی جائے گی ۔ جو شکایت بھی جائیگی۔ اس شکایت پر جو کارروائی کی جائیگی اسکی رپورٹ 24 گھنٹے کے اندر اندر متعلقہ کمیٹی کو متعلقہ جائیگی۔ ٹیلیفون کے ذریعے سیکرٹری ائی اینڈ سی کو متعلقہ محکمہ کنفرم کریگا کہ رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔ کمیٹی کی میٹنگ ہر ہفتے ہوا کریگی، اس چیز کا فیصلہ کیا گیا کہ جب تک کسی محکمے کی جانب سے فیس بک شکایت کی رپورٹ جامع نہیں ہوگی، رپورٹ کو منظور نہیں کیا جائیگا، جب رپورٹ ٹھیک ہو گی اس وقت اس کو فیس بک پر دیا جائیگا اور تصویریں ساتھ لگائی جائیں گی ۔ بعض اعلیٰ افسروں نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایا کہ فوری طور پر دباو ڈالا جاتا ہے جس کی وجہ سے فیلڈ سٹاف کئی مرتبہ غلط معلومات فراہم کردیتا ہے اگر شکایت پر مسئلہ حل ہوجائے تو متعلقہ شخص کی طرف سے تعریف معنی رکھے گی۔

مزیدخبریں