لاہور (اےن اےن آئی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے پی آئی اے ملازمین کی طرف سے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن کی جزوی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں نے حکمرانوں کی انا اور ضد کو شکست دیدی ہے اور ملک و قوم کی خاطر اپنا مفاد قربان کرکے ثابت کردیا ہے کہ ملک کی خاطر قربانی غریب اور مزدور طبقہ ہی دے سکتا ہے ،اگر مزدور بھی حکمرانوں کی طرح ضد اور انا پرستی پر قائم رہتے تو پوری دنیا میں پاکستان مذاق بنا رہتا، ملک کے ایئر پورٹس دو ہفتے تک تماشا بنے رہے مگر سرکار عدم برداشت کا رویہ ترک کرنے کو تیار نہیں ہوئی، حکمرانوں نے قومی اداروں کی بحالی کیلئے آج تک کسی سنجیدہ رویے کا اظہار نہیں کیا، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری اداروں کی بحالی اور استحکام کیلئے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے دباﺅ پر اور مزید قرضے لینے کیلئے کی جارہی ہے ،حکمرانوں کی کوشش ہے کہ جانے سے پہلے گھر کے برتن بھی بیچ کھائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میںمختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک پر جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط ہے ، مزدوروں پر زور آزمائی کرناکوئی بہادری نہیں۔ حکمران قوم سے کیے گئے وعدوں میں سے تین سال میں کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کرسکے۔ اداروں کی تباہی کا جواب حکمرانوں کو دینا پڑے گا۔ حکمران اپنی نااہلی کا ذمہ دار کسی مزدور کو نہیں ٹھہرا سکتے۔
سراج الحق