لاہور(خبر نگار)پاکستان ویژنری فورم کی کشمیر کمیٹی کا خصوصی اجلاس ٹیک سوسائٹی کلب میں ہوا جس میں سابق وزیر مملکت قیوم نظامی، سابق ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو میجر (ر) بشیر احمد، زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد صادق، زبیر شیخ اور جمیل گشکوری نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ممبران نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق جلد از جلد کیا جائے کیونکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس خطے میںبا لعموم اور پاکستان و بھارت میں با لخصوص امن قائم نہیں ہو سکے گا اوربغیر امن کے ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ غربت اور وسائل کی کمی کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں اور اپنے بجٹ کا بڑا حصہ ہتھیاروں کی خریداری پر خرچ کر رہے ہیں۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک پاکستان اور بھارت مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ اپنے مسائل حل کریں لیکن مسئلہ کشمیر ایجنڈے میں سر فہرست ہونا چاہئے۔