سعید اجمل بڑاکھلاڑی ‘ڈین جونز نے قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کردی

Feb 08, 2016

دبئی (سپورٹس رپورٹر )نامور آف سپنر سعید اجمل نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سٹارز پر مبنی پشاور زلمی کے خلاف عمدہ پرفارمنس دکھا کر قومی ٹیم میں واپسی کیلئے سلیکٹرز کے دروازے پر دستک دے دی۔ اسلام آباد ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے سعید کی تعریف کرتے ہوئے انہیں یونائیٹڈ ٹیم اور پاکستان کرکٹ کیلئے بہت مثبت قرار دیا۔میرے خیال میں ان کا تجربہ بہت کام آیا۔ وہ جانتے ہیں کہ کس جگہ پر کتنی رفتار سے اور کیسی گیند پھینکنی ہے۔ وہ واقعی بہت بڑے کھلاڑی ہیں۔سعید اجمل اپنے باولنگ ایکشن پر آئی سی سی کے اعتراض کے بعد ٹیم سے کچھ عرصہ باہر رہے۔اس دوران انہوں نے اپنا باولنگ ایکشن بہتر بنایا اور ڈومیسٹک کرکٹ کے علاوہ انگلش کاونٹی بھی کھیلی لیکن وہ قومی سلیکٹرز کو متاثر نہ کر سکے۔ڈین جونز نے سعید کو سراہتے ہوئے کہا گزشتہ ایک سال کے دوران ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے آج بہت عمدہ کھیلا۔جونز نے نوجوان باولر رومان رئیس کو بھی سراہا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے رومان پشاور کےخلاف اسلام آباد کے سب سے کم رنز دینے والے باولر تھے۔'میرے خیال میں رومان بہت اچھا کھیلے۔ انہوں نے دباو کے باوجود توازن نہیں کھویا۔ جہاں تک پاکستان کرکٹ کا تعلق ہے وہ ایک مستقبل کے ایک بہترین کرکٹر ثابت ہو سکتے ہیں۔کوئٹہ گلیڈیٹرز اور پشاور سے شکست کے باوجوداسلام آباد کے ہیڈ کوچ جونز پر امید نظر آئے۔ یقینا ہماری شروعات اچھی نہیں رہی لیکن ہمیں ایک وقت پر صرف ایک میچ پر توجہ دینی ہو گی۔ہمیں پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے کی خاطر خود کو بہتر بنانا ہو گا۔

مزیدخبریں