لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پہلی ویمن لیگ ہاکی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ پہلے مرحلے کے آخری روز دو میچز کھیلے گئے جس میں لاہور لائنز اور کراچی ڈولفنز نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جا رہی چیمپیئن شپ میں گذشتہ روز پہلا میچ فائنل کے لیے رسائی حاصل کرنے والی لاہور اور کوئٹہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں لاہور لائنز نے کوئٹہ پینتھر کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے حنا پرویز نے دو جبکہ عشرت عباس نے ایک گول سکور کیا۔ دوسرا میچ کراچی ڈولفنز اور پشاور ڈیئرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں کراچی ٹیم نے تین صفر سے کامیابی سمیٹی۔ فاتح کراچی ٹیم کی جانب سے سائرہ اشرف، تہمینہ اور آرزو منظور نے ایک ایک گول کیا۔ ویمن ہاکی لیگ کے آخری روز فائنل اور تیسری پوزیشن کے دو میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل میں لاہور اور کوئٹہ جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے کراچی اور اسلام آباد کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔