اسلام آباد (صباح نیوز) عوامی جمہوریہ چین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت مانسہرہ، مظفر آباد تا منگلا روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی ہے۔ مانسہرہ سے مظفرآباد اور مظفرآباد سے منگلا تک اندرون آزادکشمیر سڑک بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کی جائیگی جبکہ اٹھمقام تا تائو بٹ تک جدید اور معیاری روڈ کی تعمیر کیلئے آئندہ ہفتے سے ٹینڈر پراسیس کا آغاز کیا جائیگا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آزادکشمیر کو پاکستان سے ملانے والی تمام شاہرات اپ گریڈ کرے گی۔کہوڑی ٹنل کیلئے سعودی حکومت فنڈز فراہم کرے گی،مظفرآباد تا اسلام آباد سفر کو مزید کم کرنے کیلئے مری سے ہٹ کر روٹ اختیار کیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت چین نے مانسہرہ، مظفر آباد اور مظفر آباد تا منگلا روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی ہے جس پر جلد کام کا آغاز ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوہالہ تا چکوٹھی روڈ کا انتظامی کنڑول محکمہ شاہرات آزادکشمیر کی تحویل میں دیا جائیگا جبکہ فنڈز این ایچ اے ہی مہیا کریگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف جدید پاکستان کے معمار ہیں جنہوں نے ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے انتھک محنت کی ہے۔ میاں نوازشریف کو بحرانوں میں مبتلا اور اقتصادی طور پر کمزور پاکستان ملا لیکن وزیراعظم پاکستان نے تین سال کے عرصہ میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ اس وقت پاکستان میں ایک سیاسی جماعت یہودو نصاریٰ کے ایجنڈے پر چل کر ملک میں فساد پھیلا نا چاہتی ہے جس میں اسے کامیابی نہیں ہوگی۔ وہ لیگی ممبر اسمبلی احمد رضا قادری کی طرف سے مئیر راولپنڈی سردار نسیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اقتصادی اور سیاسی طور پر مضبوط ہو۔ مزید برآں راجہ فاروق خان نے کہا ہے قانون کی عمل داری یقینی بنانے میں پولیس کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ پولیس نے بھی بھرپور کردا ر ادا کیا اور قربانیاں پیش کیں۔ آج اس امر کا تعین کیا جانا اشد ضروری ہے عاملین کس حد تک قانون کے پابند ہیں۔ آزادکشمیر کے اندر پولیس کا نظام جدید بنیادوں پر تشکیل دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ تھانہ کلچر کی تبدیلی ناگزیز ہے۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ وہ گزشتہ روز پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں پبلک سروس کمشن کے بعد زیر تربیت پولیس افسران سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کسی بھی معاشرے میں امن کے قیام،گڈگورننس،آئین وقانون کی بالادستی اشد ضروری ہے اور قانون پر عملدرآمد میں پولیس کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔جوابدہی شفافیت اور گڈ گورننس کے بنیادی تصورات کے بغیر معاشرے کی فلاح ممکن نہیں فیصلہ سازی میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہئے کام کریں گے تو غلطیاں بھی ہونگی لیکن نیت ٹھیک اور سمت درست ہوتو چیزیں خود بخود ٹھیک ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ پولیس کے شعبہ کو مثالی بنانے کے لیے ضروری ہے اثرورسوخ،رشوت اور سفارش سے اس ادارہ کو پاک کیا جائے۔