الیکشن کمشن کو خودمختار بنا دیا گیا‘ سیاسی جماعتیں خواتین کو 5 فیصد ٹکٹ دینے کی پابند ہونگی: وفاقی کابینہ

Feb 08, 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے ملک میں آزاد و خودمختار الیکشن کمشن کی تشکیل اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کمیٹی کی سفارشات منظور کر لیں۔ اس سلسلے میں جامع قانون منظوری کیلئے آئندہ ماہ پارلیمنٹ میں پیش کردیا جائیگا۔ آئینی ترامیم کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور یہ بھی بل کے ساتھ پارلیمنٹ میں آجائیں گی۔ عام انتخابات کے شیڈول سے6 ماہ قبل انتخابی لائحہ عمل کا اعلان کردیا جائیگا، سیاسی جماعتیں 5 فیصد ٹکٹیں خواتین کو دینے کی پابند ہوں گی، اس طرح کسی بھی حلقے میں خواتین ووٹرز کی 10 فیصد سے کم پولنگ پر نتیجے کو کالعدم قرار دے دیا جائے گا۔ اجلاس وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت ہوا۔ زاہد حامد نے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگ زیب کے ہمراہ فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا ایک جامع قانون بنے گا جس میں 9 انتخابی قوانین کو سمو دیا جائے گا۔ انتخابی اصلاحات‘ افغان باشندوں سے متعلق ویزہ پالیسی ‘ مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ہسپتالوں اور صحت کی سہولتوں پر توجہ نہیں دی‘ ہم صحت اور تعلیم کے انتہائی اہم شعبے میں اقدامات کررہے ہیں‘ عوام سے وعدہ ہے انہیں صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے‘ مستحق افراد کو صحت کی معیاری اور مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر قانون نے بتایا کہ منسلک ورکنگ بائونڈری کے علاقوں میں بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی سے متعلق سب کمیٹی کی سفارشات کی کابینہ نے منظوری دیدی۔ ورکنگ بانڈری پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے متاثرہ افراد کی امداد اورملک بھر میں 100 سے 500 بستروں تک کے ہسپتالوں کی تعمیر، ہیلتھ انفراسٹرکچر ڈیلوپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری دیدی۔ شہید ہونے والے افراد کے خاندان کو امداد بڑھا کر 5 لاکھ جب کہ شدید زخمیوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ نے غیرملکی کمرشل قرضوں، ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے لئے 38 کروڑ روپے سمیت ٹی ڈی اے پی اور ای پی بی بنگلا دیش کے مابین مفاہمتی یادداشت کی منظوری دینے پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں روس کے فوجیوں کو پاکستان میں تربیت کے معاہدے پر بات چیت سمیت پاکستان اور چین کے آڈٹ اداروں میں تعاون کی یادداشت کے علاوہ ایران، بیلارس، آذربائیجان، سینی گال اور کرغزستان سمیت فرانس کے ساتھ باہمی تعاون کے سمجھوتوں کو بھی منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔کابینہ نے افغان مہاجرین کے لئے راہداری سسٹم ختم کرتے ہوئے مروجہ ویزہ پالیسی لاگو کرنے کی منظوری بھی دی‘ پارلیمنٹ کو افغان مہاجرین کی واپسی کا نگران بنا دیا گیا۔ ورکنگ بائونڈری کے علاقوں میں فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں کے لئے 50نئی محفوظ پناہ گاہیں (بنکرز) بنانے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ نئے انتخابی قانون کے 12باب ہونگے آئندہ ماہ پارلیمنٹ میں منظوری کے نتیجے میں یہ ایکٹ بن جائے گا الیکشن کمشن آف پاکستان کو انتظامی اور مالیاتی طور پر مکمل طور پر بااختیار بنایا گیا ہے اور سرکاری مشینری کی انتخابی مداخلت پر متعلقہ سرکاری افسران کے خلاف فوری طور پر تادیبی کارروائی ہوسکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نتائج کے حوالے سے نیا جدید طریقہ کار متعارف کرایا گیا جس کے تحت کسی بھی پولنگ سٹیشن کا نتیجہ موبائل فونز کے ذریعے بیک وقت پریذائیڈنگ افسر اور الیکشن کمشن کے مرکزی ہیڈ کوارٹر میں آجائے گا۔ سپیشل موبائل ایپلی کیشن بنائی گئی ہے ہر دس سال کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی۔ انتخابات کے لئے انتخابی عملے سے حلف لیا جائے گا اور ہر پولنگ سٹیشن ایک کلومیٹر کی حد میں ہوگا۔ حساس پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے لگائے جائیں گے۔ اگر کسی بھی حلقے میں شکست کا مارجن دس ہزار تک ہوگا تو کسی بھی اعتراض پر اسی حلقے کی دوبارہ گنتی ہوسکے گی اور کسی بھی امیدوار کو ایک ہی بار گنتی کی درخواست دینے کا اختیار ہوگا۔ بیلٹ پیپرز کی اشاعت ہر حلقے کے لئے اس کے تخمینوں کا مکمل اختیار الیکشن کمشن کو دے دیا گیا۔ ان اصلاحات کے تحت امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے موقع پر اثاثوں اور ٹیکس ادائیگیوں کی صاف شفاف جانچ پڑتال بھی ہو سکے گی اور اثاثوں اور اکائونٹس کے حوالے سے امیدوار وہی دستاویز انتخابات میں حصہ لینے کے لئے جمع کراسکیں گے جو وہ ایف بی آر میں ویلتھ سٹیٹمنٹ دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے اندراج کے طریقہ کار کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ کسی بھی جماعت کی رجسٹریشن کے لئے اس کے کارکنان کی تعداد کا تناسب مقرر کر کے فیس بھی بڑھا دی گئی۔ نگران کابینہ کے ارکان کی تعداد دس سے زیادہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ معذور ووٹرز کے لئے پوسٹل بیلٹ کی سہولت کی منظوری دیدی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ مردم شماری کے نتیجہ میں حلقوں میں نشستیں بڑھ جائیں۔ اس موقع پر وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے بتایا کہ افغان مہاجرین سے متعلق ویزہ اور مہاجرین کی واپسی کے بارے پالیسی کی منظوری دی افغان مہاجرین کے رجسٹرڈ کارڈ کو 31دسمبر 2017ء تک توسیع دیدی گئی ہے۔ پارلیمنٹ واپسی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ اسی طرح پاک افغان سرحد پر آمدورفت کے سسٹم سے متعلق بھی فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے اور راہداری سسٹم کو ویزہ رجیم سے منسلک کردیا گیا۔ پاکستان اور روس عسکری تربیت معاہدے کے مسودے پر مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کمیٹی برائے توانائی، ای سی سی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں اور سٹیٹ بینک سمیت ایرانی بینک کے مابین ادائیگیوں کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے تصدیق کی ہے کہ آئین کی اراکین پارلیمنٹ کی اہلیت سے متعلق شقوں 62,63 کو مزید موثر بنانے ‘ ترامیم کرنے یا ختم کرنے کے معاملے پر تاحال سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔ کابینہ اجلاس میں 32 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ٹی وی کے مطابق ملک میں 44 جدید ہسپتالوں کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے بلوچستان میں مردم شماری ملتوی کرنے کی وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو کی تجویز مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ مردم شماری شیڈول کے مطابق ہوگی تاہم اگر کسی کے تحفظات ہیں تو وہ ضرور دور کیے جائیں گے۔ حاصل خان بزنجو نے تجویز دی کہ بلوچستان میں مردم شماری ایک سال کیلئے ملتوی کی جائے کیونکہ بڑی تعداد میں افغان مہاجرین نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھے ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام کو تحفظات ہیں جس پر وزیرداخلہ نے کہاکہ نادرا نے ہزاروںکی تعداد میں جعلی شناختی کارڈ منسوخ کیے ہیں اور یہ عمل جاری ہے، وزیرخزانہ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت مارچ میں مردم شماری کرانا لازمی ہے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں اور پاک فوج نے بھی 2لاکھ فوجی اہلکار سول انتظامیہ کی مدد اور معاونت کیلئے مختص کردیئے ہیں لہذا مردم شماری کو کسی صورت ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ اسفند یار ولی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں فاٹا اصلاحات نکالنے کے معاملے پر شدید برہم نظر آئے اور کہا کہ فاٹا اصلاحات کے بل پر عملدرآمد اچانک روکنا کسی گہری سازش کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں