پیرس (بی بی سی) فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو 2012ء کی انتخابی مہم میں اپنی جماعت کے کھاتوں میں گڑ بڑ کرنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا ہے۔ سرکوزی پر 2012ء میں انتخابی مہم کے دوران اپنی جماعت کے کھاتوں میں دس کروڑ اسی لاکھ یورو زیادہ خرچ کرنے کے الزام لگائے جا رہے ہیں۔ سرکوزی نے متعدد بار ان الزامات کی تردید کی ہے۔ سرکوزی کو 2012ء کے انتخابات میں فرانسوا اولاند کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ اس سال ہونے والے انتخابات میں بھی دوبارہ حصہ لینے کی کوشش میں ناکام رہے ہیں۔ سرکوزی کے خلاف اس سارے معاملے کو 'بگمیلئن' سکینڈل کا نام دیا جا رہا ہے۔ یہ سارا سکینڈل سرکوزی کی جماعت جسے اْس وقت 'یوایم پی' کا نام دیا گیا تھا اس کے گرد گھومتا ہے اور اس پر الزام ہے کہ ایک پبلسٹی فرم کے ساتھ ملی بھگت کر کے 2012ء کی انتخابی مہم کے اصل اخراجات کو چھپایا تھا۔ فرانس میں انتخابی مہم کے اخراجات کی حد مقرر ہے اور الزام ہے کہ'بگمیلئن' نے اضافی اخراجات انتخابی مہم کی بجائے سرکوزی کی جماعت سے وصول کیے جس سے یو ایم پی کو انتخابی مہم کے دوران اخراجات کی حد سے زیادہ خرچ کرنے میں مدد ملی۔ توقع ہے اس مقدمے میں اس بات پر توجہ دی جائے گی کہ نکولس سرکوزی کو بھی اس معاملے کا علم تھا یا نہیں۔
فرانس: سابق صدر سرکوزی کو پارٹی کے کھاتوں میں مالی بے ضابطگی کے مقدمے کا سامنا
Feb 08, 2017