گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے کے چھاپے، اوگرا کا جعلی انسپکٹراور 3 انسانی سمگلرز گرفتار، قبضے سے جعلی مہریں ، اسٹیکرز ، اوگرا کا مونوگرام اور 9ہزار روپے برآمد، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے مفخر عدیل کو اطلاع ملی کہ حافظ آباد میں محمد حارث اوگرا کا جعلی انسپکٹر بن کرسی این جی سلنڈ روں کی ویری فیکشن کے نام پر ہزاروں روپے بٹور رہا ہے۔ ایف آئی اے ٹیم نے ضلع حافظ آباد میں چھاپہ مار کر جعلی اوگرا انسپکٹر محمد حارث کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے اوگرا کا مونوگرام ، جعلی ، مہریں ، سٹیکرز اور 9ہزار روپے برآمد کر لئے۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے کی ٹیم نے کریک ڈائون کے دوران گوجرانوالہ اور کامونکی میں چھاپے مار کردو انسانی سمگلروں مقصود طارق اور رانا تیمور کو گرفتار کر لیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لوگوں کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ لیبیا کشتی حادثے کا شکار ہونیوالے افراد کوبیرون ملک بھیجنے والے اس ملزم شفاقت کو ٹیکسلا سے گرفتار کیا گیا۔