اسلام آباد(آن لائن+ صباح نیوز) سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت ازخود نوٹس کیس میں وکیل مقرر کرنے کے لئے 10 دن کی مہلت دے دی۔ جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے توہین عدالت ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ دانیال عزیز پیش ہوئے اور کہا آپ نے نوٹس دیا‘حاضر ہوگیا۔ انہوں نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ نوٹس میں نہیں بتایا گیا کہ کس وجہ سے جاری کیا گیاجس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو سب کچھ پتہ لگ جائیگا، کچھ بھی غیر مناسب نہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا، کیا آپ کو وکیل مقرر کرنے کیلئے وقت چاہیے؟جس پر دانیال عزیز نے جواب دیا، جیسا آپ مناسب سمجھیں جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے وزیر نجکاری کو 10 دن کی مہلت دیدی اور اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 فروری تک کیلئے ملتوی کردی جبکہ دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں دل صاف ہیں کیونکہ ہم پاکستان کیلئے بغیر کسی لالچ کے دن رات محنت کرتے ہیں۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے نوٹس ملنے پر آج پیش ہوا، میں نے عدالت سے استفسار کیا کہ میں نے کیا کیا ہے، جس پر عدالت نے شو کاز نوٹس دیا ہے۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کا کیا بنے گا۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران سپریم کورٹ اور ججوں کے بارے میں دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بینچ تشکیل دیا تھا۔
توہین عدالت کیس ‘ وجہ نہیں بتائی: دانیال عزیز‘ سب پتہ چل جائے گا: جسٹس عظمت
Feb 08, 2018