شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر راکٹ حملہ‘2 اہلکار شہید‘3 زخمی

میران شاہ (اے این این ) شمالی وزیرستان میں فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں نے راکٹ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔باجوڑ میں بم دھماکے میں قبائلی رہنما زخمی ہوگیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق فورسز کی گاڑی پر حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقے عیدک میں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر راکٹ سے حملہ کیا۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق راکٹ حملے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار فیصل محمد اور نائیک نعیم شامل ہیں۔حملے میں تین اہلکار نائیک محمد ادریس، سپاہی محمد اقبال اور اظہر علی زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ آصف زرداری کی میر علی میں سکیورتی کی گاڑی پر راکٹ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت۔دوسری جانب باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں قبائلی رہنما زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل نواگئی کے علاقے چہارمنگ میں نامعلوم افراد نے سڑک کنارے بارودی مواد نصب کررکھا تھا جسے عین اس وقت ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا جب مقامی قبیلے کے رہنما ملک فارو ق گھر سے بازار جارہے تھے۔دھماکے کے نتیجے میں ملک فارو ق زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا ۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپر یشن شروع کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن